پورے ملک میں رمضان کا روزہ اور عید ایک ساتھ ہی ہوگا
رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا ہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا پہلا اجلاس 13 اپریل کو پشاور میں ہوگا۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے پشاور میں پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پورے ملک میں اتحاد و اتفاق کے لیے کوشش کررہے ہیں، رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس تمام بڑے شہروں میں ہوں گے۔
مولانا عبدالخبیر کا کہنا تھا پشاور میں اجلاس کا مقصد اتحاد و اتفاق کا پیغام دینا ہے، اس سلسلے میں کمیٹی کو تمام علما و مشائخ کا تعاون حاصل ہے، حکومت اور وزارت مذہبی امور کا بھی بھرپور تعاون ہے۔
انہوں نے کہا چاند دیکھے جانے کے سلسلے میں جو بھی شہادت آئے گی، اس پر شرعی لحاظ سے فیصلہ کیا جائے گا اور پورے ملک میں ایک ہی دن روزہ رکھا جائے گا۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے کہا ہمیں کرونا وبا کی لہر سے عوام کو بچانے کے لیے بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، اور این سی او سی کی گائیڈ لائنز پر عمل کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں ایک ہی دن روزہ اور عید منانے کی کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔
گزشتہ روز اس سلسلے میں ایک ملاقات میں وفاقی وزیر فواد چوہدری اور چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوششیں کرنے کا اعادہ بھی کیا تھا