میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے موجودہ صوبائی حکومت میڈیا کی ترقی کےلئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائےگی۔مشیر اطلاعات

گلگت (کرگل نیوز)محکمہ اطلاعات گلگت بلتستان کی بریفنگ کے بعد مشیر اطلاعات گلگت بلتستان شمس میر نے کہا ہے کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے،لہذا موجودہ صوبائی حکومت میڈیا کی ترقی کےلئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائےگی۔انہوں نے کہا کہ ایک ذمہ دار میڈیا کی وہ بھی سنجیدہ ذمہ داری ہے کہ وہ ریاست کے استحکام اور مضبوطی کےلئے کام کرے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں آج میڈیا سب سے بڑی یونیورسٹی کا روپ دھار چکا ہے۔ ریاست کے استحکام سے لےکر قوموں کی تعمیر تک معاشرہ سازی سے لےکر اخلاقی اور قانون کی حکمرانی تک میڈیا کا کردار کلیدی حیثت اختیار کر گیا ہے۔ میڈیا افواہوں کو خبر نہ بنائے بلکہ حقائق کو عوام تک پہنچانے کےلئے صحافت کے ضابطوں کو بروئے کار لاکر معاشرے کو تعمیری آگاہی دے۔مشیراطلاعات نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان نے اپنی اسی آغاز کے ساتھ ہی افہام و تفہیم، بھائی چارے، سنجیدہ اور تعمیری سیاست کو اپنا نصب العین بنایا ہے۔انہی اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے ہم نے اپوزیشن کے دور میں بھی غیر سنجیدہ اورغیر ذمہ دارانہ سیاست نہیں کی ہم نے کبھی بھی اپنے سیاسی مفادات کےلئے ریاست، علاقے اور عوام کے مفادات کو بھینٹ نہیں چڑھایا ہم نے پر امن گلگت بلتستان اور قانون کی حکمرانی کےلئے جدوجہد کی جبکہ آج کچھ عناصر سیاست اور سیاسی جماعتوں کے آڑ میں اپنے مزموم عزائم کو عملی جامعہ پہنانے کےلئے علاقے کے امن اور قانون کی حکمرانی کو داﺅ پر لگانے کی کوشش کررہے ہیں نان ایشوز کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کرتے ہیں۔گلگت بلتستان کے روشن مستقبل سے کھیلنے کی ناکام کوشش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سنجیدہ سیاست اور صحافت کی وہ پہلی ذمہ داری ہے کہ ریاست پاکستان،گلگت بلتستان اور یہاں کے روشن مستقبل کےلئے حکومت سےاسی جماعتوں اور میڈیا ہاﺅسز کو ایک پیج پر یکجاں ہونا ہوگا۔ اسی سے ہم ایک مضبوط پاکستان اور پر امن گلگت بلتستان کو ایک ماڈل مثالی خطہ بنا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور ان کی کابینہ،ان کی انتظامیہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) نے گلگت بلتستان کو تاریخ میں پہلی مرتبہ ترقی اور تعمیر کی اس راہ پر گامزن کیا ہے جو سی پیک کی ترقی یافتہ صورت میں ایک خوشحال گلگت بلتستان کی تعبیر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ میڈیا میری برادری ہے، میڈیا ہاﺅسز، الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا، کیبل نیٹ ورک اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کےلئے وزیراعلیٰ حفیظ الرحمن کی حکومت ہر ممکن اقدمات اٹھائےگی۔ جبکہ اشتہارات اور میڈیا پالیسی کو میڈیا ہاﺅسز کی ترقی سے منسوب کرےگی۔ تمام اضلاع کے پریس کلبز کو مضبوط اور فعال بنا کر علاقے کی ترقی میں کردار ادا کیا جائےگا۔ہم نے عوام سے ترقی کے جو وعدے کئے تھے اس کا حق ادا کرتے ہوئے گلگت بلتستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔ جسے اقوام متحدہ سے لیکر قومی و بین الاقوامی اداروں نے تسلیم کیا ہے۔آئے ملکر پاکستان اور گلگت بلتستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کےلئے یک جان ہوجائے۔