ایف سی کے چار پلاٹون کی تعیناتی کو سیاست کی نذر کر دینے کی کوشش دراصل خود غرضی اور حق ملکیت کا کھوکھلا نعرہ لگانے والوں کی ناکامی کا ایک ثبوت ہے۔ فتح اللہ خان

اسلام آباد(کرگل نیوز) وزیر اطلاعات گلگت بلتستان فتح اللہ خان نے کہا ہیکہ کہ جنگلات کی حفاظت کیلئے ایف سی کے چار پلاٹون کی تعیناتی کو سیاست کی نذر کر دینے کی کوشش دراصل خود غرضی اور حق ملکیت کا کھوکھلا نعرہ لگانے والوں کی ناکامی کا ایک ثبوت ہے۔ آج میڈیا کو جاری ایک بیان میں اس بات کی وضاحت کی گئی کہ کوئی نئے پلاٹون کی تعیناتی عمل میں نہیں لائی گئی بلکہ پہلے سے گلگت بلتستان میں موجود ایف سی فورس کے چار پلاٹون کو اس لئے لگا دئے گئے ہیں تاکہ ان سے کام لیا جا سکے۔

وزیر اطلاعات گلگت بلتستان نے کہا کہ ایف سی کی تعیناتی پہ عوام کے اذہان میں شکوک و شبہات پیدا کرنے والے دراصل ٹمبر مافیا کی زبان بول رہے ہیں تاکہ جنگلات کی کٹائی کی جا سکے اور وہ بلاواسطہ جنگلات کے غیر قانونی کٹائی سے فیض یاب ہو سکیں۔ عوام کے وسائل کی حفاظت کرنے کیلئے کوشش پہ سیخ پا ہونے اور اسے ایک قضیہ بنانے کی سعی سمجھ سے بالاتر نہیں بلکہ صاف ظاہر ہیکہ وہ عناصر دراصل جنگلات کے کٹائی کے زریعے ناجائز دولت کا حصول ہے ورنہ حق ملکیت کے جعلی دعویدار کو تو خوش ہونا چاھئے کہ عوام کے وسائل کسی مخصوص ہاتھوں میں جانے کے بجائے مساویانہ تقسیم کیلئے ان کی حفاظت کو یقینی بنائی جائے۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ایف سی کی تعیناتی محض اس لئے کی گئی ہے تاکہ ان سے کام لیا جا سکے اور ان کے زریعے جنگلات کی حفاظت بھی کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات کی حفاظت ہر حال میں کیا جائے گا اور ہر صورت میں کٹاؤ کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ موسمی تغیرات اور دیگر موسمی تبدیلیوں کی بنیادی وجہ جنگلات کی کٹائی ہے جس کا ادراک ہے اور اس لئے موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومت جنگلات کی حفاظت ہر حال میں یقینی بنائے گی اور اگر کسی فرد یا سیاسی پارٹی کو اگر واقعی عوام یا عوامی وسائل کی حفاظت کا احساس ہے تو وہ ایسے جعلی ایشوز پہ سیاست کرنے کی بجائے عوام کے وسائل کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے مل جل کے کوشش کرنی چاہئے۔