چیف الیکشن کمشنر جی بی نے نئے پروجیکٹس اور فنڈز کے اختیارات کو منجمد کر کے قومی خزانے کو کروڑوں کے نقصان سے بچایا سعدیہ دانش

پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سیکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے نئے پروجیکٹس اور فنڈز کے اختیارات کو منجمد کر کے قومی خزانے کو کروڑوں کے نقصان سے بچایا ہے۔ صوبائی حکومت لوکل گورنمنٹ کے ذریعے آخری دن تک سیکیموں کے نام پر بہت بڑی کرپشن کرنے جا رہی تھی الیکشن رول 2017 کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کو واضح اختیارات حاصل ہیں کہ وہ صاف اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے حکومتی اختیارات کو منجمد کرسکتا ہے ہم چیف الیکشن کمشنر کے اس اقدام کو صاف شفاف الیکشنز کے انعقاد کے لئے ایک مثبت پیش رفت سمجھتے ہیں ۔ حفیظ سرکار غیر جمہوری روایات کا واویلا کرنے کی بجائے وہ دن بھی یاد کرے جب پیپلز پارٹی کی حکومت میں چار ماہ قبل اختیارات منجمد کرائے تھے آج الیکشن کمیشن کے فیصلے کو غیر جمہوری اور غیر آئینی اقدام قرار دینا بہت بڑا مذاق ہے۔ جن لوگوں نے اپنی حکومت کی بنیاد سابقہ حکومت کی سکیموں کا خاتمے اور تمام عوامی مفاد کے پروجیکٹس کو منجمد کر کے رکھی۔ جبکہ گلگت بلتستان میں جب پیپلزپارٹی کی حکومت بنی اس وقت ہم نے دو سال تک اپنا بجٹ سابقہ حکومت کی جاری سکیموں کو مکمل کرنے پر لگایا جو یہاں کے عوام کے مفاد میں تھا لیکن انہوں نے اس روایت کو برقرار رکھنے کی بجاے سرے سے ہی ہمارے ترقیاتی منصوبے ختم کر دئے اور چار ماہ پہلے ہی ہماری حکومت پر شب خون مارا جو ایک غیر جمہوری عمل تھا اور آج ان کو عوامی مینڈیٹ اور جمہوریت یاد آرہی ہے۔ اور اسمبلی میں بھی حکومتی ممبرز اور اپوزیشن ممبران کے ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز میں تفریق کی اور پورے پانچ سال ٹھیکوں کی بندر بانٹ کرپشن اور اقرباء پروری کی مثالیں قائم کی اور جاتے جاتے مزید الیکشن کمپین کے لئے فنڈز کی بندر بانٹ اور مختلف بلات کی ادائیگی کی شکل میں جو کرپشن کرنے جا رہے تھے اس پر پابندی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوے ہیں۔ ہم الیکشن کمیشن کے اس عمل کو صاف شفاف الیکشن کی تیاری کے لئے ایک مثبت اقدام سمجھتے ہیں اور یہ امید کرتے ہیں کہ الیکشن کمیشن غیر جانبدار رہتے ہوے گلگت بلتستان میں صاف شفاف الیکشن کے انعقاد کو یقینی بناے گا۔ اور 2015 کے الیکشنز میں سابقہ چیف الیکشن کمشنر نے وفاق کے ساتھ ملکر تمام سیاسی جماعتوں کویکساں مواقع فراہم کرنے کی بجائے ایک سیاسی جماعت کے کارکن کا کردار ادا کیا جس سے ادارے پر سوالات اٹھے اور جانبداری کےالزامات لگے۔
لیکن ہم موجودہ چیف الیکشن کمشنر اور ان کے ادارے سے یہ توقع کرتے ہیں کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کرتے ہوئے غیر جانبدار رہ کر اپنے ادارے کے وقار کو بلند اور عوام کے اعتماد کو بحال کریں گے۔ پیپلزپارٹی گلگت بلتستان میں امن و امان کے ساتھ صاف شفاف الیکشنز کے انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔