بھارت میں نسل پرستی کو فروغ دیا جارہا جس کا مقصد بھارت میں مسلمانوں کی نسل کشی ہے۔عمران خان

واشنگٹن(نیوز ڈیسک)پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے امریکہ کے شہر ہیوسٹن میں جاری اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکہ (اثنا) کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم پر زور دیا کہ وہ مغربی ممالک میں بھارتی حکومت کی پالیسی کے بارے میں آگاہی پیدا کرے۔ امریکہ میں مسلمانوں کی سب سے بڑی تنظیم ہے اور اس کا سالانہ کنونشن ہیوسٹن میں جاری ہے۔ اس چار روزہ کنونشن میں مذہبی، معاشرتی، سیاسی، معاشی اور اسلامی ثقافت سے متعلق موضوعات پر مذاکرے اور مکالمے منعقد کیے گئے ہیں جن میں معروف شخصیات اور ماہرین خطاب کر رہے ہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت میں بی جے پی کی حکومت اپنے زیر انتظام کشمیر اور بھارت کے دیگر علاقوں میں مسلمانوں کی نسل کشی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندو جماعت راشٹریہ سوایم سیوک سنگھ یعنی آر ایس ایس بھارت میں نسل پرستی کو فروغ دے رہی ہے جس کا مقصد بھارت میں مسلمانوں کی نسل کشی ہے۔عمران خان نے دہشت گردی سے متعلق بھی تفصیل سے بات کی۔ انہوں نے کہا کہ مغربی دنیا میں دہشت گردی کو مذہب اسلام سے جوڑا جاتا ہے جو کہ ایک غلط تاثر ہے کیونکہ ’’دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ دہشت گردی کی جڑیں سیاست میں ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ مغرب میں اس تاثر کو زائل کرنے کیلئے اثنا جیسے اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئیے۔