فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کا اجلاس، بلتستان یونیورسٹی کیلئے2سو ملین رقم مختص کی گٸ

سکردو( پ ر) ہائرایجوکیشن کمیشن آف پاکستان نے بلتستان یونیورسٹی کے پروجیکٹ کی تکمیل کیلئے 2سو ملین رقم مختص کردی۔ مذکورہ رقم کی ترسیل 2019ء اور 2020ء کیلئے ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کے پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ نے بلتستان یونیورسٹی کے پروجیکٹ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے تمام تر ممکنہ اُمور کا جائزہ لیا اور سال2019ء ، 2020ء کیلئے 2 سو ملین کی خطیر رقم مختص کرنے کی منظوری دیدی۔ بلتستان یونیورسٹی کی اِنتظامیہ کے مطابق مجوزہ رقم کی منظوری سے بلتستان یونیورسٹی کے پروجیک پر کام جلد شروع ہوسکے گا۔ دریں اثناء فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کے اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان نے بلتستان یونیورسٹی کے پروجیکٹ کیلئے فنڈز کے حصول کے سلسلے میں دو ٹوک موقف اپنایا اور کہا کہ ملک کی بڑی جامعات اپنے بجٹ کا بیشتر حصہ خود ہی پیدا کرتی ہیں جبکہ بلتستان یونیورسٹی سمیت دیگر نومولود جامعات کا انحصار ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان پر ہے، ایسے میں ایچ ای سی کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ آئندہ 10سال تک اِن جامعات کی مالی معاونت کرتی رہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ فنڈ کی منظوری سمیت دیگر اُمور کی انجام دہی کے سلسلے میں گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے بھی اہم کردار ادا کیا۔