وفاقی حکومت ناکام ہو کر لڑکھڑانے لگی ۔عمران خان بہت جلد استعفیٰ دے کر بھاگیں گےسعددیہ دانش

گلگت (پ۔ر) پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی وفاقی حکومت ناکام ہو کر لڑکھڑانے لگی ہے۔عمران خان بہت جلد استعفیٰ دے کر بھاگیں گے. پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے پارلیمنٹ میں ایک خطاب نے وزیراعظم اور وزراء کی چیخیں نکلوادیں ہیں. بلاول بھٹو نے حکومت کو آئینہ دکھایا تو برا مان گئے ہیں۔کنٹینر پر بیٹھ کر دوسروں کی کردار کشی کرنے والوں کو دوسروں کی جمہوری تنقید بھی برداشت نہیں ہو رہی۔عمران خان انتخابات سے قبل جس نام نہاد عظیم معاشی پلان کا ڈھنڈورہ پیٹ رہے تھے وہ سراسر ڈھونگ تھا وزیرِ خزانہ کا استعفیٰ تبدیلی سرکار کی معاشی پالیسی کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے غریبوں کے منہ سے نوالہ اور جینے کا حق تک چھین لیا ہے۔ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے مریضوں پر ڈرون حملہ کیا گیا ہے۔سابقہ حکومتوں پر تنقید کرنے والے نہ صرف قرضے لے رہے ہیں بلکہ اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں بھی ناجائز حد تک بڑھا دی گئی ہیں۔عالمی منڈی میں استحکام کے باوجود نہ صرف پیٹرول بم گرایا گیا بلکہ اب مزید ٹیکسوں کا شکنجہ کسنے کی تیاری کی جارہی ہے۔پیپلز پارٹی کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرنے والوں کی اپنی نااہلی کا یہ حال ہے کہ انکے پاس کوئی معاشی ماہرین نہیں ہیں اور انہیں پیپلزپارٹی دور کے وزیرِ خزانہ پر اعتماد کرنا پڑا جو کہ دراصل پیپلزپارٹی کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔یہ پاکستان کی واحد نااہل ترین حکومت ہے جو صرف آٹھ ماہ میں ہی ناکام ہو چکی ہے