گلگت بلتستان کو عوامی امنگوں کے عین مطابق آینی حقوق دیے جاییں گےعلی امین گنڈا پور

اسلام آباد (نمایندہ خصوصی)گلگت بلتستان کو آئینی و انتظامی حقوق دینے کے حوالے سے وفاقی حکومت کی جانب سے قائم شدہ کمیٹی کا دوسرااجلاس آج وفاقی وزیر اُمورکشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور کی سربراہی میں اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اُمور کشمیر کے علاوہ گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال مقپون وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم ، اٹارنی جنرل آف پاکستان،و،وزارت دفاع اور وزارت اُمور کشمیر کے وفاقی سیکرٹریز ، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان اور گلگت بلتستان کونسل کے جوائنٹ سیکرٹری کے علاوہ وزارت خارجہ اور گلگت بلتستان کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں اٹارنی جنرل کی سربراہی میں قائم ذیلی کمیٹی کی رپورٹ کو پیش کیا گیا،جس پر کمیٹی اجلاس میں تفصیلاً مشاورت کی گئی ۔اس موقع پر وفاقی وزیر اُمور کشمیر گلگت بلتستان نے کہاکہ وفاقی حکومت اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی میں یقین رکھتی ہے اور گلگت بلتستان کو آئینی اور انتظامی لحاظ سے وہاں کی عوام کی خواہشات کی روشنی میں بااختیار کیا جائے گا ۔اجلاس میں ذیلی کمیٹی کی سفارشات پر گفتگوکرتے ہوئے اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ کسی بھی آئینی وانتظامی حقوق دینے کے حوالے سے گلگت بلتستان کی عوام کی خواہشات کو اولین رکھا جائے گا اور اس امر کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ اس اقدام سے وسیع تر قومی مفادات کا بھی تحفظ ہو سکے۔اجلاس میں وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ اس معاملے سے متعلق غور وغوض کے لیے مزید وقت درکار ہے تاکہ اس معاملے کے تمام پہلوؤں اور اس کے اثرات کا مکمل جائزہ لیا جاسکے ۔اجلاس میں شرکاء کی جانب سے ذیلی کمیٹی کی قلیل مدت میں مختلف شفارشات مرتب کرنے کی کوششوں کوبھی سراہا گیا