گلگت بلتستان کے نوجوان بلاول بھٹو کو حقوق کا ضامن سمجھتے ہیں سعدیہ دانش

گلگت(نمائندہ کرگل) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو گلگت بلتستان کے محروم عوام کے لئے امید کی کرن ہیں۔گزشتہ ادوار میں کئے گئے آئینی اور انتظامی اصلاحات کے تناظر میں گلگت بلتستان کے نوجوان بلاول بھٹو کو حقوق کا ضامن سمجھتے ہیں اور ان کے دورے کے حوالے سے بہت پر امید اور پر جوش ہیں۔
بلاول بھٹو کے دورے کا مقصد یہاں کے عوام کی ستر سالہ محرومیوں کو سمجھنا اور انکے ازالے کے لئے عملی اقدامات کرنا ہے۔پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی قیادت اور جیالے پارٹی چیئرمین کو آئینی اور انتظامی حقوق کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کریں گے۔اس حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی نے پہلے ہی اپنے مرکزی منشور میں گلگت بلتستان کے آئینی اور انتظامی اختیارات کے حوالے سے اہم اور بنیادی مطالبات شامل کر لئے ہیں۔گلگت بلتستان کے عوام پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین کی آمد کو نیک شگون قرار دے رہے ہیں اور انکے تاریخ استقبال کے لئے پرجوش ہیں۔پیپلز پارٹی نے جس طرح ماضی میں گلگت بلتستان کے حقوق پر آواز اٹھائی ہے اسی طرح گذشتہ تین سالوں سے گلگت بلتستان کے عوام کو حق ملکیت اور حق حاکمیت سمیت آئینی حقوق کے حوالے سے شعور و آگہی فراہم کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔آئندہ بھی پیپلز پارٹی ہی گلگت بلتستان کے حقوق کے حوالے سے موثر اور سنجیدہ اقدامات اٹھائے گی۔گلگت بلتستان کے عوام اپنی محسن پیپلز پارٹی کے قائد کا ایسا شاندار اور ریکارڈ توڑ استقبال کریں گے کہ مخالفین حیرت سے تکتے رہ جائیں گے۔