وزیر اعلی گلگت بلتستان عوام سے مخلص نہیں سعدیہ دانش

گلگت (نمائندہ کرگل) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ وزیر اعلی نے آئینی حقوق کے معاملے میں آستین کے سانپ کا کردار ادا کیا۔گلگت بلتستان کے تمام سٹیک ہولڈرز آئینی حقوق کے لئے متفق و متحد ہیں مگر حفیظ الرحمٰن یہاں کے عوام کو بدستور حقوق سے محروم رکھنا چاہتے ہیں۔گلگت بلتستان کے عوام نے پاکستان میں شمولیت کی خاطر ستر سالہ بے آئینی اور بنیادی حقوق سے محرومی برداشت کی ہے جو کہ دنیا کی تاریخ میں وفاداری کی سب سے بڑی اور منفرد مثال ہے۔پیپلز پارٹی گلگت بلتستان نے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو اور دیگر مرکزی قیادت کو گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا ہے اور پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت نے نہ صرف آئینی حقوق کے معاملے میں گلگت بلتستان کے عوام کے موقف کی تائید کی ہے بلکہ اس اہم معاملے کے حل میں ہرممکن کردار ادا کرنے کی بھی یقین دہائی کروائی ہے۔گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کے معاملہ اب فیصلہ کن مرحلے میں ہے۔گلگت بلتستان کے عوام کی ستر سالہ محرومیوں کے ازالے کے لئے تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کو چاہئے کہ گلگت بلتستان کے آئینی معاملے کو سنجیدہ لے اور یہاں کے عوام کے موقف کی تائید کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کرے۔اس اہم اور نازک کیس کی سماعت کے دوران معزز جج صاحبان کے ریمارکس حوصلہ افزا ہیں۔