سابق وزیر اعظم کی اہلیہ کلثوم نواز انتقال کر گئی

گلگت(نیوز ڈیسک) سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز طویل علالت کے بعد لندن کے ایک نجی ہسپتال میں انتقال کر گئی ہیں۔بیگم کلثوم نواز تقریباً گذشتہ ایک سال سے لندن میں زیرِ علاج تھیں۔ انھیں پچھلے سال سرطان کے مرض کی تشخیص کی گئی تھی۔ان کی عمر 68 سال تھی۔ کلثوم نواز کے سوگوران میں ان کے شوہر نواز شریف، بیٹیاں مریم صفدر اور عاصمہ اور دو بیٹے حسن اور حسین نواز شامل ہیں۔منگل کی دوپہر صدر پاکستان مسلم لیگ ن شہباز شریف نے ایک ٹویٹ میں اپنی بھابی کلثوم نواز کی وفات کی تصدیق کی پاکستان مسلم لیگ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے منگل ہی کو رات گئے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا گیا جس میں جماعت کے رہنما رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ جمعرات کو سوا بارہ بجے لندن کے ریجنٹ پارک اسلامک سنٹر میں ادا کی جائے گی۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم کا جسد خاکی جمعہ کی صبح چھ بجے لاہور ایئر پورٹ پہنچے گا جس کے بعد جمعہ ہی کو رائیونڈ جاتی عمرہ میں ان کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد تدفین کی جائے گی