دہشتگردوں کے خلاف فوراً ٹارگٹڈ فوجی آپریشن شروع کیا جائے سیکرٹری اطلاعات پی پی جی بی

گلگت (پ۔ر) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف فوراً ٹارگٹڈ فوجی آپریشن شروع کیا جائے۔حکومت دہشتگردوں کی گرفتاری جرگے کے ذمے ڈال کے سو رہی ہے۔سکیورٹی ادراروں اور عدلیہ کے خلاف لفظی جنگ لڑنے والے وزیر اعلی اور وزراء کا دہشتگردوں کے خلاف ایکشن نہ لینا معنی خیز ہے۔شرپسندی اور دہشتگردی کے مسلسل ہونے والے واقعات کے بعد صوبائی حکومت کے برقرار رہنے کا کوئی جواز نہیں رہا۔گلگت بلتستان میں حکومتی رٹ مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے اور عوام شدید عدم تحفظ کا شکار ہوچکے ہیں۔کارگاہ واقعے کے بعد گلگت بلتستان کے عوام اور سیاحوں کے علاوہ شاہراہ قراقرم پر سفر کرنے والے مسافروں کو شدید سکیورٹی خطرات لاحق ہوچکے ہیں۔وزیر اعلی اور اسکے حواری مخالف سیاسی جماعتوں کو اپنا دشمن سمجھ کر بیانات دینے کے بجائے شرپسندوں اور دہشگردوں کے خلاف ایکشن لینے کی جرآعت پیدا کریں۔صوبائی حکومت آرڈر 2018 کی بحالی پر خوشی کے شادیانے بجانے اور اپنی بدنیتی اور نااہلی سے گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کی راہ میں رکاوٹ بننے پر فخر سے پریس بریفنگ کے بجائے سکیورٹی کی مخدوش صورتحال اور دیامر کے واقعات پر عملی ایکشن لیتی تو دہشتگردوں کو اتنا حوصلہ اور وقت نہیں ملتا کہ وہ کارگاہ پولیس چوکی پر حملہ کرتے۔انہوں نے مذید کہا کہ پولیس جوانوں پر دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔پولیس کے بہادر جوانوں نے قوم کے مستقبل کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی دی ہے۔شہید ہونے والے پولیس کے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔گلگت بلتستان کے عوام پولیس کے شہید جوانوں کی قربانی پر سلام پیش کرتے ہیں