کنٹریکٹ ملازمین کے ساتھ جو کھلواڑ کیا جا رہا ہے اس کی بھر پور مذمت کرتے ہیں حفیظ سرکار میرٹ کا پامال کر رہی ہے پیپلزپارٹی گلگت بلتستان

گلگت (پ۔ر)پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی صدر امجد ایڈوکیٹ صاحب کی زیر صدارت صوبائی کابینہ,بلتستان ڈویژن,ضلع سکردو,ضلع گانچھے,ضلع کھرمنگ اور سب ڈویژن روندو کی مشترکہ میٹنگ صوبائی کیمپ آفس گلگت میں منعقد ہوئی جس میں بلتستان ریجن کے ساتھ نواز لیگ کی صوبائی حکومت کی جانب سے کی جانے والی زیادتیوں کے حوالے سے تفصیلی گفت و شنید کی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر امجد ایڈوکیٹ, سینئر نائب صدر جمیل احمد, جنرل سکریٹری انجینئر اسماعیل, سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش, نائب صدر بشیر احمد خان اور دیگر نے کہا کہ حفیظ سرکار بلتستان کے ساتھ بہت زیادتیاں کر رہی ہے۔ٹھیکوں کی منظور نظر افراد میں بندربانٹ اور سرکاری اداروں میں نواز لیگی کارکنوں کو میرٹ کی دھجیاں اڑا کر چور دروازوں سے بھرتیاں کی جارہی ہیں محکمہ تعلیم اور پولیس سمیت دیگر محکموں میں ذاتی پسند اور ناپسند کی بنیاد پر ترقیاں دی جاتی ہیں اور تبادلے کئے جاتے ہیں۔اسی طرح کنٹریکٹ ملازمین کے ساتھ جو کھلواڑ کیا جا رہا ہے اس کی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور متاثرہ ملازمین کے ساتھ کھڑے ہیں۔پیپلز پارٹی کی قیادت ان زیادتیوں کے خلاف پوری طاقت کے ساتھ میدان میں کھڑی ہے اور ہم ان کو حقوق دلا کر رہیں گے۔