پاکستان پیپلزپارٹی 10 مئی کو حق ملکیت کے حوالے سے غذر میں طاقت کا مظاہرہ کرے گی سعدیہ دانش

گلگت(پ۔ر) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر امجد ایڈوکیٹ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس کیمپ آفس گلگت میں ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ 10 مئی کو غذر کی سرزمین میں پیپلز پارٹی کے حق ملکیت اور حق حاکمیت جلسے میں پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی تمام تنظیمیں سینئرز اور ورکرز قافلوں کی شکل میں بھرپور شرکت کریں گے۔پیپلز پارٹی غذر میں بھرپور طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔غذر کے غیور عوام جلسے میں شرکت کر کے یہ ثابت کریں گے کہ غذر پیپلز پارٹی کا گڑھ ہے۔اس جلسے میں حق ملکیت بل عوامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔اس بل کو بھاری اکثریت سے پاس کرنے کے لئے غذر کے عوام جلسے میں بھرپور شرکت کرینگے۔اس جلسے میں پیپلز پارٹی حق ملکیت کے حوالے سے اگلے لائحہ عمل کا اعلان بھی کرے گی۔اور نواز لیگ کی جانب سے گلگت بلتستان کے عوام کو مجوزہ اصلاحاتی پیکیج کے ذریعے غلام بنانے کی سازش کے خلاف بھرپور طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔نواز لیگ کے پیپلز پارٹی کے دئے ہوئے سسٹم کو رول بیک کر کے سارے اختیارات وزیر اعظم کو تفویض کر کے گلگت بلتستان کے عوام سے حق حاکمیت چھیننے کی مذموم سازش کی ہے جس کو پیپلز پارٹی یکسر مسترد کرتی ہے اور اسکے خلاف عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔