صحافت اور جمہوریت چولی دامن کا ساتھ ہے اس لئے آزاد اور غیر جانبدارانہ صحافت مستحکم اور پائیدار جمہوریت کی ضمانت ہے سعدیہ دانش

گلگت(پ۔ر) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے آزادی صحافت کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ صحافت اور جمہوریت کا چولی دامن کا ساتھ ہے اس لئے آزاد اور غیر جانبدارانہ صحافت مستحکم اور پائیدار جمہوریت کی ضمانت ہے۔پیپلز پارٹی آزاد صحافت کے بغیر جمہوریت کو نامکمل تصور کرتی ہے۔ صحافت کسی بھی معاشرے کا آئینہ دار ہوتی ہے اور ریاست کے چوتھے ستون کی حیثیت سے اسکی اہمیت مسلمہ ہے۔پیپلز پارٹی اقتدار میں ہو یا حزب اختلاف میں ہمیشہ آزادی صحافت کی علمبردار رہی ہے۔خصوصاً اپنے دور اقتدار میں پیپلز پارٹی نے حکومتی پالیسیوں اور اقدامات پر صحافیوں کی تنقید کو خندہ پیشانی سے قبول کیا ہے اور اس تنقید کو اپنی کارکردگی کا آئینہ سمجھ کر بہتری کی کوشش کی ہے۔اسکے علاوہ پیپلز پارٹی نے صحافیوں کے مسائل کے حل اور انکی بہبود کے لئے ہر ممکن عملی اقدامات کئے ہیں اور اشتہارات کی بلاتفریق اور منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صحافت کے عالمی دن کےموقع پر صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں خصوصاً ان صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں جنہوں نے اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔نواز لیگ کی موجودہ حکومت نے کئی بار آزادی صحافت پر قدغن لگانے کی کوشش کی ہے اور سرکاری اشتہارات کی فراہمی کو بھی حکومتی تعریف سے مشروط کرنے کی مذموم کوششیں کی ہیں۔