سیکرٹری جنگلات گلگت بلتستان آصف اللہ خان کی سرکردگی میں محکمہ جنگلات کے اعلی آفیسران کا ضلعی انتظامیہ و پولیس آفیسران کے ہمراہ منظور شدہ پالیسی کے حوالے سےاعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا

چلاس(کرگل نیوز )جنگلات کے حوالے سے نئی منظور شدہ پالیسی کے نکات اور طریقہ کار جنگلات نیز مختلف ادارہ جاتی کردار و زمہ داریوں کے حوالے سے سیکرٹری جنگلات گلگت بلتستان آصف اللہ خان کی سرکردگی میں محکمہ جنگلات کے اعلی آفیسران کا ضلعی انتظامیہ و پولیس آفیسران کے ہمراہ اعلی سطحی اجلاس، جس میں ڈپٹی کمشنر دیامر دلدار احمد ملک سمیت ، چیف کنزرویٹر جنگلات ولایت نور ، کنزرویٹر دیامر استور محمود غزنوی ، قائمقام ایس پی دیامر کامران عامر خان ، ڈویژنل فارسٹ آفیسران چلاس و داریل تانگیر کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر داریل ، و سب ڈویژنل پولیس آفیسران نے شرکت کی ۔
دوران اجلاس کنزرویٹر فارسٹ دیامر استور ڈویژن نے وفاقی حکومت کی جانب سے حال ہی میں منظور شدہ ایک سالہ ٹمبر سکیم کے بنیادی خدوخال اورتمام ترجیحاتی پہلووٴں سمیت مختلف محکمہ جات کے تعاون اور کردار پر سیر حاصل بریفنگ دی ۔ اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر ضلع دیامر ملک دلدار احمد نے سیکرٹری جنگلات کی اجلاس میں شمولیت اور محکمہ فارسٹ کی جانب سے نو منظور شدہ ٹمبر سکیم کے حوالے سے تمام کلیدی محکمہ جات کو بروقت آگاہ رکھنے کی حکمت عملی کی تعریف کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام دیامر کے تمام سرکاری محکمہ جات ٹمبر سکیم پر عملدرآمد کیلئے ٹیم ورک کےساتھ پرعزم کام کریں گے ۔ اجلاس کے اختتام پر سیکریٹری جنگلات آصف اللہ خان نے تمام شرکاء کی جانب سے بھرپور تعاون کے عزم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تمام ادارے ایک دوسرے کے شانہ بشانہ قومی کاز کو ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں احسن طریقے سے پایہ تکمیل کو پہنچائیں گے ۔