وزیر اعلیٰ ملکی سلامتی کے ذمہ دار اداروں اور عدلیہ کو للکار کر نواز شریف کے دوست مودی کی خوشنودی حاصل کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں سعدیہ دانش

اسلام آباد (پ۔ر) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمان گلگت بلتستان کی لٹیا ڈبونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ طالع آزما کے سائے تلے پروان چڑھنے والی نواز لیگ کو عدلیہ نے دفن کر دیا۔ مخصوص بیساکھیوں کے سہارے الیکشن جیتنے والوں کا گورکھ دھندا بند ہوچکا ہے۔ وزیر اعلیٰ ملکی سلامتی کے ذمہ دار اداروں اور عدلیہ کو للکار کر نواز شریف کے دوست مودی کی خوشنودی حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کو چیلنج دینے والے جے آئی ٹی اور عدلیہ کے بعد عوامی امتحان میں بھی بری طرح فیل ہو چکے ہیں۔ آئندہ الیکشن جتنے کے خواب دیکھنے والوں کو سینیٹ کے انتخابات نے جھنجھوڑ کر جگا دیا ہے اور وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر بے سر و پا باتیں کرنے لگے ہیں۔جو لوگ پہلے ہی عدالتی طور پر کرپٹ ثابت ہو چکے ہیں انکے خلاف عدالت جانے کی ضرورت نہیں ہے۔کیونکہ پورے ملک کی طرح گلگت بلتستان کی عوامی عدالت نے بھی موجودہ حکمرانوں کی نااہلی پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے۔ نواز شریف کی نااہلی پر صوبائی حکومت کی چیخ و پکار پر اب بچھتائے کیا ہوت جب چڑیا چگ گئیں کھیت والا محاورہ صادق آتا ہے۔ اگر گلگت بلتستان کے عوام حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہوتے تو سرکاری ادارے کی بسوں میں لوگوں کو لانے کی نوبت نہ آتی۔ جلسے میں تمام اداروں کے سرکاری ملازمین کو زبردستی لایا گیا ۔جس جلسے میں کرپشن کے خلاف شعلہ بیانی دیکھائی جارہی تھی وہ جلسہ ہی سرکاری وسائل کے ناجائز استعمال سے کیا جا رہا تھا۔ امن کا کریڈٹ لینے والوں کو اپنے قائدین کے ہاتھوں ماڈل ٹاؤن میں کھیلی گئی خون کی ہولی نظر نہیں آتی۔ جس کے لواحقین آج بھی انصاف کے لئے ترس رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ اور وزراء جذباتی تقاریر کر کے اپنے آپ کو تسلی تو دے سکتے ہیں مگر عوام کو دھوکہ نہیں دے سکتے۔ صوبائی حکومت چند معمول کے تعمیراتی منصوبوں کے علاوہ کوئی ایک کارکردگی دکھائے۔ جتنا شور مچایا جارہا ہے اگر اتنا کام کیا ہوتا تو عوام انہیں کبھی مسترد نہیں کرتی۔ گلگت بلتستان کے عوام نے موجودہ حکومت کی کرپشن،اقرباء پروری اور ٹھیکوں کی بندربانٹ کے خلاف پیپلز پارٹی کے اصولی موقف کا ساتھ دیا ہے۔اور آئیندہ انتخابات حکمرانوں کے لئے یوم حساب ہونگے۔