سینیٹ انتخابات میں پیپلز پارٹی کی شاندار فتح سے اگلے انتخابات کے لئے سیاسی منظر نامہ واضح ہو گیا سعدیہ دانش

اسلام آباد(پ۔ر) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ تاریخ کی عدالت نے ثابت کیا کہ جمہوریت کی کپتان پیپلز پارٹی ہے۔جمہوریت کدے میں موجود آمریت کے بت پاش پاش ہو گئے۔ ضیائی گماشتوں کا جمہوریت کا درس دینا لطیفہ گوئی سے زیادہ کچھ نہیں۔نواز شریف مکافات عمل کا شکار ہیں اور اپنا بویا کاٹ رہے ہیں۔سینیٹ انتخابات میں پیپلز پارٹی کی شاندار فتح سے اگلے انتخابات کے لئے سیاسی منظر نامہ واضح ہو گیا۔نوازشریف طیب اردگان نہیں بلکہ سیاسی فرعون بننے کے خواب دیکھ رہے تھے تاہم آصف علی زرداری کی حکمت عملی نے اسے سیاسی طور پر غرق کر دیا۔پیپلز پارٹی نے ایک تیر سے شیر اور بلے باز دونوں کا شکار کر دیا۔ سینیٹ میں حکومتی اتحاد کی شکست جمہوریت کی فتح ہے۔ ایک بار پھر ثابت ہوگیا کہ پیپلز پارٹی ہی وفاق کی علامت اور چاروں صوبوں کی زنجیر ہے۔ پیپلز پارٹی کے خاتمے کے لئے بنائی گئی کٹھ پتلیوں کی ڈور ٹوٹ گئی۔ جو لوگ پیپلز پارٹی کو سندھ تک محدود ہونے کے طعنے دے رہے تھے وہ خود جاتی امراء کے محلات کی بھول بلیوں میں کھو گئے ہیں۔ آنے والے انتخابات میں پیپلز پارٹی تمام صوبوں سے بھر پور کامیابی حاصل کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی مدت کے خاتمے کے ساتھ ہی گلگت بلتستان میں بڑے پیمانے پر سیاسی تبدیلیوں کا آغاز ہوگا اور یہاں کا سیاسی منظر نامہ مکمل طور پر تبدیل ہوجائے گا ۔پورے ملک کی طرح گلگت بلتستان کے لوگ بھی پیپلز پارٹی کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ بہت جلد صوبائی حکومت کی غلط فہمیوں کا خاتمہ ہونے والا ہے۔ پیپلز پارٹی بلوچستان کی طرح گلگت بلتستان کی محرومیوں کا بھی ازالہ کرے گی کیونکہ جس طرح موجودہ حکومت نے آئینی کمیٹی کے نام پر دھوکہ دیا ہے اس سے یہاں کے عوام کی مایوسیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے لئے آئینی و انتظامی اصلاحات اور تعمیر و ترقی کا بہترین ایجنڈا رکھتی ہے اور سی پیک میں گلگت بلتستان کو پورا حق دلوانا بھی پیپلز پارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔