پیپلز پارٹی گلگت بلتستان دلاور عباس کے واقعہ پر تین روزہ سوگ کا اعلان کرتی ہے سعدیہ دانش

گلگت(پ۔ر)پیپلز پارٹی گلگت بلتستان نے لاہور میں قتل ہونے والے طالبعلم دلاور عباس کے قتل پر تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش کی جانب سے جاری کردہ ایک تعزیتی بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبائی صدر امجد ایڈوکیٹ اور صوبائی کابینہ نے دلاور عباس کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ اس بربریت کے مرتکب افراد کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔امجد ایڈوکیٹ نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب میں گلگت بلتستان کے طلباء کو تحفظ فراہم کیا جائے۔کیونکہ ماضی میں بھی گلگت بلتستان کے طلباء پر اسطرح کے بزدلانہ حملے ہو چکے ہیں۔سعدیہ دانش نے کہا کہ پنجاب میں گلگت بلتستان کے لوگ خصوصا طلباء شدید عدم تحفظ کا شکار ہوچکے ہیں۔پیپلزپارٹی جلد اس کے خلاف اجلاس منعقد کر کے لائحہ عمل مرتب کرے گی۔پیپلز پارٹی کی کابینہ مقتول کے لواحقین سے تعزیت اور گہری ہمدردی کا اظہار کرتی ہے اور دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔