شہید بی بی نے جمہوریت کے لئے اپنی جان دی مگر موجودہ حکمرانوں نے جمہوریت کو مذاق بنایا بلاول بھٹو

اسلام آباد(کرگل نیوز)گڑھی خدا بخش میں بینظیر بھٹو کی برسی پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بینظیربھٹو روشنی، زندگی اور امید کی علامت تھیں, ہم نہ تو بینظیر کو اور نہ ہی ان کے ساتھ کیے گئے وعدے بھولے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم جانتے ہیں بینظیر کو کس چیز کی سزا دی گئی، انہیں دنیا بھر میں اسلام کا پرامن چہرہ دکھانے، دہشت گردوں کو للکارنے، آمریت سے لڑنے اور سوات میں قومی پرچم لہرانے کی سزا دی گئی۔ بینطیر بھٹو نے 30 سال جمہوریت کے لیے جدوجہد کی، جیلیں کاٹیں، جلا وطنی دیکھی، دکھ سہے، اور وہ جس جمہوریت کے لیے لڑتی رہیں، ہم نے اسے بحال کیا۔ان کا کہنا تھا کہ بینظیر نے جمہوریت کے لیے اپنی جان دیدی مگر موجودہ حکمرانوں نے اس جمہوریت کے ساتھ کیا کیا، یہ مذاق نہیں تو اور کیا ہے کہ وزیراعظم موجود ہے لیکن کہتا ہے میں وزیراعظم نہیں، ان لوگوں نے جمہوریت کو کمزور اور پارلیمان کو بے توقیر کیا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ قاتل حکومت ہے، آج ملک میں روٹی مہنگی اور خون سستا ہو گیا ہے، دہشت گرد جب چاہتے ہیں ہمارے جوانوں اور معصوم شہریوں پر حملہ کرتے ہیں۔ شہید بی بی کو کل عدالت عدالت پھرانے والے حکمران آج عدالت کے باہر چیخ رہے ہیں۔ آج یہ سب سے بڑی چوری میں پکڑے گئے ہیں۔دوسری طرف جو کرپشن کے نام پر سیاست چمکاتا رہا اس کا اپنا حواری کرپٹ نکلا۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کے ہر ادارے کی آزادی کو ختم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا گیا، پاکستان سفارتی تنہائی کا شکار ہے، مشرقی و مغربی سرحدیں غیر محفوظ ہیں اور حکمران چین کی بانسری بجا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت آئے گی اور عوام کی تقدیر بدلے گی۔