خطرہ ہے کہ انڈیا کی حکومت جس طرح کے اقدامات کر رہی ہے، اس سے برِصغیر میں ایٹمی جنگ کا خدشہ ہوگا وزیر اعظم

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انھیں خطرہ ہے کہ انڈیا کی حکومت جس طرح کے اقدامات کر رہی ہے، اس سے برِصغیر میں ایٹمی جنگ کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
پیر کے روز انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کی صورتحال پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’جس طرح مجھے مودی کی حکومت کے عزائم نظر آ رہے ہیں، جس طرح کے نظریے پر یہ جا رہے ہیں، اگر مسئلہ جنگ کی طرف چلا گیا، تو یاد رکھیں کہ دونوں ممالک کے پاس ایٹمی ہتھیار ہیں اور ایٹمی جنگ کوئی نہیں جیتے گا۔‘
انھوں نے کہا کہ ایسی کسی جنگ کی صورت میں ’صرف یہاں تباہی نہیں مچے گی بلکہ پوری دنیا میں اس کے اثرات جائیں گے۔ اس کی ذمہ داری عالمی برادری اور عالمی طاقتوں پر ہے۔’عمران خان نے نریندر مودی کی جانب سے انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کو ’تاریخی غلطی‘ قرار دیا اور کہا کہ اب کشمیریوں کے لیے آزاد ہونے کا موقع آ چکاہےانھوں نے کہا کہ پاکستان بروقت اس مسئلے کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں کامیاب ہوا۔ اقوامِ متحدہ کی سطح پر مسئلے پر بات چیت سے بین الاقوامی برادری نے اس بات کو تسلیم کیا کہ یہ ایک عالمی مسئلہ ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ ہم نے اس مسئلے پر بین الاقوامی میڈیا کو بار بار بریف کیا جنھوں نے اس مسئلے کو دنیا کے سامنے بھرپور انداز میں پیش کیا