وہ قومیں اپنا وجود کھو دیتی ہیں جو اپنی ثقافت اور تاریخ بھول جاتی ہیں فیض اللہ فراق

گلگت (پ ر) سابق حکومتی ترجمان فیض اللہ فراق نے گلگت کے مقامی ہوٹل میں ایک ثقافتی شو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کی نوجوان نسل کے کاندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی تاریخ’ثقافت اور تمدن کا مطالعہ کریں. وہ قومیں اپنا وجود کھوتی ہیں جو اپنی تاریخ اور ثقافت بهول جاتی ہیں.انے والا دور چیلنجز کا ہے اور بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے پر گلگت بلتستان کی ایک خاص اہمیت ہے. سی پیک جیسے میگا منصوبے کا گیٹ وے گلگت بلتستان ہے. صاف پانی کے سب سے زیادہ ذخائر گلگت بلتستان میں پائے جاتے ہیں. گلیشرز کا سب سے زیادہ پوٹینشل گلگت بلتستان میں ہے اور سیاحت کے وسیع امکانات بھی گلگت بلتستان میں ہیں ایسے میں خطے کی نوجوان نسل کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ سائنس و ٹیکنالوجی اور علم کے میدان میں آگے بڑھتے ہوئے اپنی سوچ کو بدلیں تاکہ ترقی کی برق رفتار سفر میں ہم شامل ہوسکے. گلگت بلتستان میں قائم امن ہم سے تقاضا کر رہا ہے کہ یہ دیر پا اور مستقل ہو. ماضی میں ہم نے اپنا بہت نقصان کیا ہے اور فرقہ واریت کے نام پر ایک دوسرے کے گلے کاٹے ہیں. آج گلگت بلتستان میں امن کا روپوش پرندہ دوبارہ لوٹ آیا ہے جو کسی نعمت سے کم نہیں. امید اور اچھے خواب نوجوان نسل کو کامیابی سے ہمکنار کر سکتے ہیں اسلئے مایوسی اور ناشکری کے رویے کو ترک کرتے ہوئے بہتر اور خوشحال گلگت بلتستان کی تعمیر کیلئے ہمیں انفرادی اور اجتماعی سطح پر یکسوئی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا